وہ دس غذائیں جو بڑھاپے کی رفتار کم کر سکتی ہیں
اسپیشل فیچر
انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ لمبی عمر پائے، صحت مند رہے اور بڑھاپے میں بھی جسمانی طور پر توانا اور ذہنی طور پر چست رہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ عمر بڑھنے کے ساتھ جسم میں کمزوری، یادداشت میں کمی، جوڑوں کے مسائل، بلڈ پریشر، ذیابیطس اور دل کی بیماریوں کے امکانات بڑھنے لگتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا ہم اپنی روزمرہ خوراک میں تبدیلی لا کر بڑھاپے کے ان اثرات کو کم کر سکتے ہیں؟ جدید سائنسی تحقیق اس سوال کا حوصلہ افزا جواب دیتی ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں نے صحت بخش غذا اور جسم کی اندرونی عمر بڑھنے کے عمل میں سست رفتاری کے درمیان تعلق کو دریافت کیا ہے۔
جسمانی عمر اور اصل عمر میں فرق
عام طور پر ہم اپنی عمر سالوں میں شمار کرتے ہیں مثلاً کسی کی عمر 50سال ہے تو اسے پچاس کا ہی کہا جائے گا۔ سائنس کی زبان میں اسےChronological age کہتے ہیں۔ لیکن ایک دوسری عمر بھی ہوتی ہے جسےBiological age کہا جاتا ہے۔ اس سے مراد یہ ہے کہ ہمارا جسم اندر سے کس حالت میں ہے اور اس کے اعضا کس حد تک صحت مند طریقے سے کام کر رہے ہیں۔مثال کے طور پر پچاس سال کے دو افراد کو دیکھیں۔ ایک شخص روزانہ جاگنگ کرتا ہے، متوازن غذا کھاتا ہے، اس کا بلڈ پریشر معمول کے مطابق ہے اور وہ جسمانی طور پر فعال ہے۔ دوسرا شخص زیادہ تر بیٹھ کر وقت گزارتا ہے، مرغن اور میٹھی غذائیں کھاتا ہے اور موٹاپے یا دیگر بیماریوں کا شکار ہے۔ دونوں کی اصل عمر برابر ہے لیکن ان کے جسم کی اندرونی حالت مختلف ہو سکتی ہے۔
وہ 10 غذائیں جو اہم ہیں
تحقیق میں 10 مختلف غذائی طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ ان میں میڈی ٹیرینین ڈائٹ ، ڈی اے ایس ایچ، مائنڈ ڈائٹ ، نورڈک ڈائٹ ، نباتاتی غذا اور دیگر صحت مند غذائی طریقے شامل تھے۔ان سب کے نام مختلف ہیں لیکن ان کا بنیادی اصول تقریباً ایک جیسا ہے۔ ان میں سبزیوں، پھلوں، دالوں، اناج،میوہ جات اور صحت مند چکنائی کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے جبکہ چینی، نمک، تلی ہوئی اشیا اور صنعتی طور پر تیار کردہ کھانوں کے استعمال کو کم کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔میڈی ٹیرینین ڈائٹ میں سبزیاں، پھل، مچھلی، زیتون کا تیل اور میوہ جات اہم ہیں۔ ڈی اے ایس ایچ غذا خاص طور پر ہائی بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔ مائنڈ ڈائٹ دماغی صحت اور یادداشت کو بہتر رکھنے کے حوالے سے اہم ہے جبکہ نورڈک ڈائٹ میں مچھلی، جئی، جو اور موسمی پھلوں اور سبزیوں کو ترجیح دی جاتی ہے۔ان طریقوں سے ایک بات واضح ہوتی ہے کہ صحت مند رہنے کے لیے مہنگے کھانوں کی ضرورت نہیں بلکہ روزمرہ کی خوراک میں درست انتخاب زیادہ اہم ہے۔ اس تحقیق کا سب سے قابلِ عمل پہلو یہ ہے کہ عام آدمی بھی ان غذائی اصولوں پر آسانی سے عمل کر سکتا ہے۔ اس کے لیے نہ مہنگی درآمد شدہ غذائیں خریدنے کی ضرورت ہے اور نہ ہی اپنے روایتی کھانوں کو مکمل طور پر چھوڑنے کی۔ہماری عام غذاؤں میں دال، چنا، لوبیا، پالک، گاجر، ٹماٹر، بند گوبھی، موسمی سبزیاں اور پھل پہلے ہی موجود ہیں۔ اسی طرح گندم کی روٹی، دلیہ، مناسب مقدار میں چاول، بادام اور اخروٹ بھی مفید غذائیں ہیں۔البتہ مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب ہماری خوراک میں گھی، تیل، نمک اور چینی کی مقدار ضرورت سے زیادہ ہو جاتی ہے۔ روزانہ پراٹھے، پکوڑے، سموسے، تلی ہوئی اشیا، میٹھے مشروبات اور فاسٹ فوڈ کا زیادہ استعمال موٹاپے، ذیابیطس اور دل کی بیماریوں کے خطرات بڑھاتا ہے۔اگر کوئی شخص سفید آٹے کی زیادہ مقدار، چکنائی والے سالن اور میٹھے مشروبات کا استعمال کم کرکے اپنی خوراک میں دال، سبزی، سلاد اور موسمی پھل شامل کر لے تو یہ ایک مثبت تبدیلی ہوگی۔ اسی طرح کھانے میں نمک کم کرنا، مناسب مقدار میں پانی پینا اور روزانہ تیس منٹ پیدل چلنا بھی صحت کے لیے مفید ہے۔خاص طور پر ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے ڈی اے ایس ایچ ڈائٹ کے اصول اہم ہیں۔ اس میں نمک کم، سبزیاں اور پھل زیادہ، دالیں، کم چکنائی والا دودھ اور متوازن مقدار میں اناج استعمال کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔
بڑھاپے سے لڑنے کا نہیں صحت مند رہنے کا وقت
جدید سائنس ہمیں یہ نہیں بتاتی کہ کوئی مخصوص غذا انسان کو ہمیشہ جوان رکھ سکتی ہے یا بڑھاپے کو روک سکتی ہے البتہ تحقیق سے یہ ضرور معلوم ہوتا ہے کہ اچھی خوراک جسم کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے اور عمر کے اثرات کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔یہاں ایک اور اہم بات بھی قابلِ توجہ ہے کہ صرف اچھی خوراک کافی نہیں، ورزش، مناسب نیند، ذہنی سکون، تمباکو نوشی سے پرہیز اور وزن کو قابو میں رکھنا بھی صحت مند زندگی کے لیے ضروری ہیں۔ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ صحت مند رہنے کے لیے کسی خاص عمر کا انتظار نہیں کرنا چاہیے۔ اگر کوئی شخص آج سے اپنی خوراک بہتر بناتا ہے، روزانہ کچھ وقت پیدل چلتا ہے اور غیر صحت مند عادات سے پرہیز کرتا ہے تو وہ اپنے مستقبل کی صحت کے لیے ایک اچھا قدم اٹھا رہا ہے۔