بگ بینگ
اسپیشل فیچر
کائنات کا آغاز تھا یا پرانی کائنات کا اختتام؟
کائنات کی ابتدا اور انجام انسانی ذہن کے لیے ہمیشہ سے ایک پیچیدہ اور دلچسپ سوال رہے ہیں۔ اربوں کہکشاؤں، ستاروں، سیاروں پر مشتمل یہ کائنات آخر وجود میں کیسے آئی؟ کیا اس کا آغاز تقریباً 13.8 ارب سال پہلے ہونے والے بگ بینگ (BigBang) سے ہوا تھا یا اس سے پہلے بھی کوئی کائنات موجود تھی؟ جدید طبیعیات کے ان بنیادی سوالات کے درمیان نوبیل انعام یافتہ برطانوی ماہرِ طبیعیات راجر پینروز نے ایک ایسا نظریہ پیش کیا ہے جو کائنات کی ابتدا اور انجام کے بارے میں ہمارے روایتی تصورات کو ایک نئے زاویے سے دیکھنے کی دعوت دیتا ہے۔پینروز کے نظریے کے مطابق بگ بینگ کسی ایسی کائنات کا نقطہ آغاز نہیں تھا جو اس سے پہلے مکمل طور پر عدم میں موجود تھی بلکہ یہ ایک سابقہ کائنات کے اختتام اور ایک نئی کائنات کے آغاز کا تسلسل ہو سکتا ہے۔ اس تصور کو کنفارمل سائیکلک کاسمولوجی (Conformal cyclic cosmology) کہا جاتا ہے۔ یہ نظریہ کائنات کو ایک مسلسل جاری رہنے والے عمل کے طور پر دیکھتا ہے جس میں ایک کائنات کا دور ختم ہونے کے بعد ایک نئے کائناتی دور کا آغاز ہوتا ہے۔راجر پینروز کے نظریے کی بنیاد یہ خیال ہے کہ کائنات ایک ہی مرتبہ وجود میں آکر ہمیشہ کے لیے ختم نہیں ہو جاتی بلکہ اس کی تاریخ مختلف ادوار پر مشتمل ہو سکتی ہے۔ وہ ان ادوار کو ایونز (Aeons) کا نام دیتے ہیں۔ ہر ایون ایک نئے بگ بینگ سے شروع ہوتا ہے اور وقت کے ساتھ پھیلتے ہوئے ایک ایسے مستقبل کی طرف بڑھتا ہے جہاں کائنات کی موجودہ ساخت بتدریج تبدیل ہو جاتی ہے۔اس تصور کو سمجھنے کے لیے کائنات کے موجودہ حالات پر غور کرنا ضروری ہے۔ ہماری کائنات مسلسل پھیل رہی ہے۔ کہکشائیں ایک دوسرے سے دور ہوتی جا رہی ہیں اور ستارے بالآخر اپنا ایندھن ختم کرکے بجھ جائیں گے۔ بہت طویل عرصے بعد ستاروں کی تشکیل کا عمل بھی رک جائے گا۔ کائنات میں موجود بیشتر مادہ اپنی موجودہ شکل کھو دے گا اور بلیک ہولز اس کائناتی منظرنامے کے اہم ترین اجزا میں شامل رہ جائیں گے۔پینروز کے مطابق انتہائی طویل مستقبل میں بلیک ہولز بھی ہاکنگ ریڈی ایشن (Hawking radiation) کے ذریعے اپنی توانائی خارج کرتے ہوئے بالآخر ختم ہو جائیں گے۔ اس عمل میں ناقابلِ تصور حد تک طویل عرصہ لگ سکتا ہے۔ جب کائنات میں موجود بلیک ہولز بھی ختم ہو جائیں گے تو ایک ایسا مرحلہ آسکتا ہے جہاں وقت اور فاصلے کے روایتی تصورات اپنی موجودہ معنویت کھو دیں گے۔یہی وہ مقام ہے جہاں پینروز کا نظریہ ایک غیر معمولی موڑ اختیار کرتا ہے۔ ان کے مطابق سابقہ کائنات کا یہ انتہائی دور کا مستقبل ایک نئے بگ بینگ کے ابتدائی حالات سے ریاضیاتی طور پر منسلک ہو سکتا ہے۔ یوں ایک ایون کا اختتام اگلے ایون کا آغاز بن جاتا ہے۔
سابقہ کائنات کے آثار مل سکتے ہیں؟
اگر واقعی ایک کائنات دوسری کائنات میں تبدیل ہوتی ہے تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا ہم ان دونوں کے درمیان کسی قسم کے سائنسی شواہد تلاش کر سکتے ہیں؟اسی سوال کے جواب میں پینروز اور ان کے ساتھی سائنسدانوں نے کائناتی مائیکروویو بیک گراؤنڈ (Cosmic Microwave Background) کا مطالعہ کیا۔ یہ وہ قدیم ترین برقی مقناطیسی تابکاری ہے جو بگ بینگ کے تقریباً تین لاکھ 80 ہزار سال بعد کائنات میں آزادانہ طور پر سفر کرنے کے قابل ہوئی۔ آج یہ تابکاری پوری کائنات میں انتہائی کمزور مائیکروویو شعاعوں کی صورت میں موجود ہے اور اسے بگ بینگ کی باقی ماندہ حرارت بھی کہا جاتا ہے۔2018ء میں سامنے آنے والی تحقیق، جو بعد ازاں 2020 ء میں معروف سائنسی جریدےMonthly Notices of the Royal Astronomical Society میں شائع ہوئی، میں پینروز اور ان کے ساتھیوں نے کائناتی مائیکروویو بیک گراؤنڈ کے نقشوں میں کچھ غیر معمولی گرم مقامات کی نشاندہی کی۔ انہوں نے ان مقامات کو ہاکنگ پوائنٹس کا نام دیا۔ان سائنسدانوں کے مطابق یہ گرم مقامات سابقہ کائنات میں موجود بلیک ہولز کے مکمل طور پر ختم ہونے کے عمل سے خارج ہونے والی توانائی کے ممکنہ آثار ہو سکتے ہیں۔اگر یہ تشریح درست ثابت ہو جائے تو یہ اس بات کا غیر معمولی اشارہ ہو سکتا ہے کہ ہماری کائنات سے پہلے بھی کوئی کائناتی دور موجود تھا۔
سائنسی اختلافات اور نظریے کا مستقبل
تاہم پینروز کا نظریہ سائنسی دنیا میں متفقہ طور پر قبول نہیں کیا گیا۔ متعدد ماہرین ان کے پیش کردہ شواہد کو حتمی قرار دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا کے ماہرِ طبیعیات جیمز زِبن نے ان نتائج پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے نشاندہی کی کہ ان غیر معمولی گرم مقامات کی وضاحت اتفاقی شماریاتی اتار چڑھاؤ سے بھی ممکن ہو سکتی ہے۔ بعض تجزیوں میں اس امکان کو تقریباً پچاس میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔سائنس میں کسی نظریے کی اہمیت صرف اس بات سے طے نہیں ہوتی کہ وہ کتنا دلچسپ یا حیران کن ہے، بلکہ اس کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ اس کے حق میں شواہد کتنے مضبوط ہیں اور دوسرے محققین آزادانہ طور پر ان نتائج کی تصدیق کر سکتے ہیں یا نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کنفارمل سائیکلک کاسمولوجی ابھی تحقیق، تنقید اور سائنسی بحث کے مراحل سے گزر رہی ہے۔اس کے باوجود پینروز کا نظریہ کائنات کے بارے میں انسانی فہم کو ایک نئے فکری افق سے روشناس کراتا ہے۔ یہ ہمیں سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ شاید کائنات کی تاریخ صرف ایک آغاز اور ایک انجام کی کہانی نہیں بلکہ لامتناہی کائناتی ادوار کا تسلسل ہو۔