
لاہور (دنیا نیوز) عمران خان نے دو ناکام شادیوں کے بعد تیسری شادی کر لی ۔ دلہن مانیکا فیملی کی بہو بشریٰ کی چھوٹی بہن ہے ۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کی نئی دلہن کا تعلق پاک پتن سے ہے ۔ دلہن عمران خان کی روحانی لیڈر بشری کی چھوٹی بہن ہے ۔ عمران خان مانیکا خاندان کی بہو بشریٰ المعروف پنکی کو اپنا روحانی گرو مانتے ہیں ،بشریٰ کسٹمز آفیسر خاور فرید مانیکا کی اہلیہ ہیں ، وہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے وظیفے بتاتی ہیں۔ عمران خان نے یہ شادی ان کی تجویز پر کی۔ عمران خان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی شادی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں کوئی صداقت نہیں ، جب شادی کروں گا تو سب کو بتاؤں گا ۔ Rumours abt my marriage absolutely baseless. I have not gotten married. When I do I will announce & celebrate publicly. — Imran Khan (@ImranKhanPTI) July 12, 2016 میڈیا ذرائع کے مطابق عمران خان نے شادی کے بعد لندن میں اپنے دوستوں کو پارٹی بھی دی ۔ اس سے پہلے میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہار ماننا میرے خون میں شامل نہیں ۔ عمران خان اس بات کے لیے پرامید ہیں کہ ان کی تیسری شادی کامیاب ہو گی ۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ پہلے کپتان میڈیا کے سامنے آئے تو انگلی میں انگوٹھی نے کئی سوال اٹھائے مگر کپتان سب کچھ گول مول کر کے کچھ کچھ نمایاں کر گئے ۔ تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق اور عطاء مانیکا نے عمران خان کی شادی سے متعلق خبروں کی تردید کر دی ۔ نعیم الحق کہتے ہیں پاکپتن کی مانیکا فیملی کے ساتھ عمران خان کی روحانی وابستگی ہے ۔ Rumours about IK getting married are totally wrong. He is spending time with his boys in England and will be back in Pakistan on Sunday. — Naeem ul Haque (@naeemul_haque) July 12, 2016 ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نجی دورہ پر لندن میں اپنے بچوں کے ساتھ چھٹیاں گزار رہے ہیں ۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکپتن کی مانیکا فیملی کے ساتھ عمران خان کی روحانی وابستگی ہے ۔ عمران خان نے شادی سے متعلق تمام ذمہ داری اپنی بہنوں کو سونپ رکھی ہے ۔ نعیم الحق نے کہا کہ شادی سے متعلق ایسی اطلاع ہوئی تو میڈیا کو مطلع کریں گے ، قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے ۔ دوسری طرف عمران خان کی تیسری شادی کی خبروں پر عطاء مانیکا نے بھی لاعملی کا اظہار کیا ہے ۔ عطا مانیکا کہتے ہیں بشریٰ کی بہن العین یونیورسٹی ابو ظہبی میں ملازمت کر رہی ہیں ۔ عمران خان نے لودھراں انتخابات میں بشریٰ سے دعا بھی کرائی تھی ۔ بشریٰ نے لودھراں انتخاب میں کامیابی کی نوید دی تھی اس لیے عمران خان بشریٰ کے مزید معتقد ہو گئے تھے۔ یاد رہے کہ عمران خان نے دوسری شادی معروف ٹی وی اینکر ریحام خان سے کی تھی جو ناکام ہو گئی اور دونوں میں مختلف وجوہات کی بنا پر علیحدگی ہو گئی ۔ جبکہ عمران خان نے پہلی شادی جمائما خان سے کی تھی جن سے ان کے دو بچے بھی ہیں۔ یہ شادی بھی 9 سال بعد طلاق پر ختم ہو گئی ۔
سے اہم مضامین پڑھیئے