عطاالحق قاسمی کی بطور ایم ڈی پی ٹی وی تقرری غیر قانونی قرار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے عطاالحق قاسمی کی بطور ایم ڈی پی ٹی وی تقرری غیر قانونی قرار دے دی۔ عدالت نے عطاالحق قاسمی کو دی گئی تنخواہ اور مراعات واپس لینے کی ہدایت کر دی۔

جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نےقرار دیا کہ عطاء الحق قاسمی کی بطور ایم ڈی پی ٹی وی چیئرمین و ڈائریکٹر تقرری اور ان کے دور میں کئے گئے فیصلے غیر قانونی ہیں، عطاءالحق قاسمی کا رویہ اور کردار ناقابل برداشت تھا، آئندہ انہیں ایسے کسی عہدے پر تعینات نہ کیا جائے۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ عطاء الحق قاسمی کی تنخواہ، مراعات اور شاہانہ اخراجات کی مد میں 19 کروڑ 78 لاکھ روپے سے زائد خرچ ہوئے، یہ رقم اس وقت کے وفاقی وزرا پرویز رشید، اسحاق ڈار اور وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد سے وصول کئے جائیں۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ ابھی تک ایم ڈی پی ٹی وی کا عہدہ خالی ہے تو حکومت اس پر مستقل بنیادوں پر تقرری کرے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں