Published on:17 August, 2019

مصباح الحق ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر، اعلان جلد متوقع

لاہور: (روزنامہ دنیا) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق ہیڈکوچ کیساتھ ساتھ چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالنے کیلئے بھی تیار ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس کا باقاعدہ اعلان جلد کر دیا جائیگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملات طے کرنے کے بعد ہی پی سی بی کی جانب سے قومی ٹیم کے کنڈیشننگ کیمپ کیلئے مصباح الحق کو نگران مقرر کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کے کامیاب ترین کپتان مصباح الحق کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے متعارف کردہ نئے ماڈل کے تحت چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ کے دونوں عہدوں کیلئے مضبوط ترین امیدوار قرار دیا جا رہا ہے، اس حوالے سے پی سی بی اور مصباح الحق کے معاملات طے پاگئے ہیں اور جلد اس کا باقاعدہ اعلان بھی متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق مصباح الحق نے کنڈیشننگ کیمپ کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب بھی خود کیا اور اب وہ ہی ان کی کوچنگ بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے گزشہ دنوں میڈیا سے گفتگو میں انکشاف کیا تھا کہ بورڈ سینئر ٹیم کے سلیکشن پینل کیلئے تین ماڈلز پر غور کر رہا ہے جس میں پہلا ماڈل سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اور تین سے چار ارکان پر مشتمل ہے، دوسرے ماڈل کے تحت صرف چیف سلیکٹر کو تعینات کر کے ڈومیسٹک سیزن میں چھ صوبائی ٹیموں کے ہیڈ کوچز کو اضافی ذمے داریاں دی جائیں اور ان سے کہا جائے کہ وہ سلیکٹرز کا کردار ادا کرتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑیوں کے نام چیف سلیکٹر کو تجویز کریں۔ تیسرے ماڈل کے تحت صرف ایک ہی شخص کو چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ کے عہدے دئیے جائیں جسے ڈومیسٹک سیزن کی تمام چھ صوبائی ٹیموں کے ہیڈ کوچ رپورٹ کریں اور باصلاحیت کھلاڑیوں کے نام تجویز کریں۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے تیسرے ماڈل کو اپنانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ اس کی بدولت قومی ٹیم کی شکست کی صورت میں کسی ایک فرد کا احتساب کرنا آسان ہو گا۔ اطلاعات کے مطابق مصباح الحق نے معاملات طے ہونے کے بعد ہی کنڈیشننگ کیمپ میں ذمہ داری سنبھالنے کیلئے حامی بھری اور باقاعدہ اعلان کے بعد وہ انہیں ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کہہ کر پکارا جاسکے گا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں