پی آر او ز ترقیاتی منصوبوں کی موثر تشہیر یقینی بنائیں،محکمہ اطلاعات
کراچی (این این آئی) ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ محکمہ اطلاعات حکومت سندھ ایم سلیم خان نے مختلف محکموں اور وزرا کے ساتھ منسلک افسران تعلقات عامہ پر زور دیا ہے۔۔
کہ وہ اپنے فرائض مزید تندہی اور محنت سے ادا کریں تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت اور موثر تشہیر کو یقینی بنایا جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آر اوز کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن علیم خان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ نے کہا کہ محکمہ اطلاعت صوبائی حکومت کے ترجمان کی حیثیت رکھتا ہے اور صوبائی محکموں کے ترقیاتی منصوبوں کو پرنٹ ،الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچانے کی ذمہ داری اس پر عائد ہوتی ہے ۔افسران تعلقات عامہ اس ذمہ داری کو احسن طریقے سے سرانجام دیں اور یہ ان کی اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی منصوبوں پر مضامین بھی لکھیں تاکہ ان کے ثمرات سے عوام کو آگاہ کیا جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حقائق کے منافی خبروں کی فوری تردید اور وضاحت بھی جاری کی جائے تاکہ حکومت کا نقطہ نظر سامنے آسکے ۔ اجلاس میں افسران تعلقات عامہ معین الدین، محمد عمران، سعید میمن ،عاطف حسین وگھیو،سیدسعد علی ، فرحت امتیاز جانوری اور دیگر موجود تھے ۔