کراچی سمیت سندھ کے متعدد شہروں سے متحدہ قائد کی تصاویر ہٹا دی گئیں

بڑے شہر میں بڑی تبدیلی آ گئی. پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی پر کراچی کے مکا چوک سمیت شہر بھر سے ایم کیو ایم قائد کی تصویریں ہٹا دیں گئیں. غیر قانونی دفاتر تین روز میں ختم کرنے کا الٹی میٹم بھی دے دیا گیا. حیدر آباد ،سکھر اور میر پور خاص سمیت اندرون سندھ بھی مکمل صفائی ہو گئی۔

کراچی: (دنیا نیوز) ارض پاک کے خلاف ناپاک زبان کے استعمال پر ایم کیو ایم قائد کے نقش تک مٹ گئے۔ تبدیلی کی آندھی چلی تو سب سے پہلے کراچی کا مکا چوک اور جناح گراؤنڈ زد میں آئے پھر نائن زیرو کے اطراف ۔ کوئی تصویر باقی رہی نہ ہی پوسٹر شہر بھر میں ایم کیو ایم کے دفاتر اور دیگر مقامات پر بھی ہر طرف صفائی ہو گئی۔ حیدر آباد میں لطیف آباد نمبر سات، آٹھ اور نو میں بھی ایسا صفایا ہوا کہ کسی تصویر کا نشان تک باقی نہ رہا۔ ہورڈنگز بھی پھاڑ دیئے گئے۔ میر پور خاص بھی تبدیلی کے نرغے میں آ گیا جہاں سیکٹر آفس سات اور آٹھ سے متحدہ قائد کی تصویریں تو اتریں ہی۔ ایم کیو ایم کے جھنڈے بھی باقی نہیں رہے۔   میر پور آزاد کشمیر میں بھی متحدہ کے جھنڈے غائب ہو گئے۔ دفاتر بند اور سیاسی سرگرمیاں ختم کر دی گئیں۔ دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی میں تفریحی مقامات ، تعلیمی اداروں اور قبضے کی زمینوں پر قائم ایم کیو ایم کے غیر قانونی دفاتر ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے تین روزہ الٹی میٹم بھی دے دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تفریحی پارک کی جگہ نائن زیر پر قائم خورشید بیگم میموریل ہال بھی زد آئے گا۔ لال قلعہ گراؤنڈ کی تعمیرات اور ٹرانسپورٹ آفس بھی غیر قانونی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں