تنور مالکان نے نان روٹی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن ہوا میں اڑا دیا

لاہور: (دنیا نیوز) تنور مالکان نے نان اور روٹی کی قیمتوں میں کمی کا حکومتی نوٹیفکیشن ہوا میں اڑا دیا۔

یاد رہے کہ ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز نان اور روٹی کی قیمتوں میں کمی کر کے نئی قیمت کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نان کی قیمت میں 5 اور روٹی کی قیمت میں 4 روپے کمی کی گئی جس کے بعد روٹی کی نئی قیمت 16 اور نان کی نئی قیمت 20 روپے مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عوام کیلئے بڑا ریلیف: پنجاب حکومت نے روٹی 4، نان 5 روپے سستا کر دیا

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے باوجود نئی قیمت پر تاحال عملدرآمد نہیں ہو سکا، شہر میں روٹی 20 اور نان 30 روپے کا ہی فروخت ہو رہا ہے۔

ادھر راولپنڈی، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بھی نان بائیوں نے حکومت کی جانب سے روٹی سستی کرنے کا فیصلہ مسترد کر دیا۔

نان بائیوں کا کہنا ہے کہ آٹا اور گیس سستی ہوگی تو روٹی سستی کریں گے، حکومت سیاست کرنے کے بجائے نان اور روٹی کے ساتھ ساتھ دیگر اشیاء کی قیمتیں بھی کم کرے۔

دوسری جانب شہریوں نے حکومتی فیصلے پر ردعمل میں کہا ہے کہ نان اور روٹی کی قیمتوں میں کمی کا حکومتی اقدام قابل ستائش ہے مگر اس پر عملدرآمد بھی ہونا چاہیے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں