اسلام آباد میں روٹی 16، نان کی قیمت 20 روپے مقرر، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں روٹی اور نان کی قیمتوں کے لیے ضلعی انتظامیہ نے ایک اور نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی دار الحکومت میں 100 گرام روٹی کی قیمت 16 روپے مقرر کی گئی ہے، شہر میں 120 گرام نان کی قیمت 20 روپے ہوگی، نوٹیفکیشن کا نفاذ آج سے فی الفور عمل میں آئے گا، احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ اس وقت اسلام آباد میں روٹی کی قیمت 16 ، نان کی 20 روپے ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق کل 12 بجے ایسوسی ایشن کو دوبارہ ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کے تحت ایسوسی ایشن کے سامنے 16 روپے کے حساب سے روٹی کے منافع کی کیلکولیشنز دوبارہ رکھی جائیں گی، ایک رائے ہے کہ پنجاب میں کرائے کم ہیں اس لیے وہاں قیمت کم ہے لیکن اسلام آباد میں کم نہیں ہو سکتی۔

عرفان میمن نے کہا کہ پنجاب کے کئی اضلاع میں روٹی کی قیمت 12 روپے، کہیں 13، کہیں 15 روپے ہے، اسلام آباد کا بھی 70 فیصد سے زائد ایریا تو رورل ہے، فیض آباد سے روات تک رورل ایریا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ راولپنڈی میں بینک روڈ اور کنٹونمنٹ ان رورل ایریاز سے بہتر ہے لیکن قیمت وہی ہے، قیمتوں کا تعین یہ تمام چیزیں دیکھتے ہوئے کیا گیا تھا، عدالتی احکامات کے تحت ملاقات تو ہوگی لیکن قانون کے مطابق ایکشن جاری رہیں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں