انسانی تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں: جی7سربراہی اجلاس کے اہم نکات سامنے آگئے

روم :(دنیا نیوز) جی7 ممالک کےرہنمائوں نے کہا ہےکہ مشرق وسطیٰ میں ہونے والی تمام شہری ہلاکتوں کی یکساں مذمت کرتے ہیں، انسانی تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات کی حمایت کی گئی.

جی7 ممالک کا تین روزہ سربراہی اجلاس اٹلی میں اختتام پذیر ہو گیا ، اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور جنگ زدہ علاقوں کے مسائل سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اجلاس کے آخر میں جاری ہونے والے اعلامیہ میں جی7 ممالک کے رہنماؤں نے اپنے پیغامات میں کہا کہ مشرق وسطیٰ میں ہونے والی تمام شہری ہلاکتوں کی یکساں مذمت کرتے ہیں، شہری ہلاکتوں بالخصوص خواتین اور بچوں کی ناقابل قبول تعداد پر انتہائی فکر مند ہیں، اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق ہے مگر بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق عمل کرنا چاہیے۔

اعلامہ میں رہنماؤں نے تمام فریقین سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ شہریوں کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات کریں، امریکی صدر جو بائیڈن نے غزہ میں جنگ بندی کی تجویز کی حمایت کرنے پر زور دیا ، امریکی صدر نے کہا کہ چین یوکرین جنگ میں روس کی حمایت کر کے حالات مزید خراب کر رہا ہے۔

جوبائیڈن کا مزید کہنا تھا کہ چین روس کو ہتھیاروں اور دیگر جنگی سازوسامان کی فراہمی روکے، روس کی حمایت جاری رہی تو چینی اداروں کو مختلف پابندیوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے،ہم یوکرین کو فوجی بجٹ، انسانی اور تعمیر نو کی امداد جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں