ملک بھر میں بیٹری چارجنگ سٹیشنز کے قیام کے معیار کا مسودہ تیار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاور ڈویژن نے الیکٹرک گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور الیکٹرک رکشہ کے فروغ کے لیے اہم قدم اٹھا لیا، پاور ڈویژن نے ملک بھر میں بیٹری چارجنگ سٹیشنز کے قیام کے معیار کا مسودہ تیار کر لیا۔

پاور ڈویژن کے اعلامیہ کے مطابق چارجنگ سٹیشنز کو سستی بجلی فراہم کرنے پر غور ہو رہا ہے، وفاقی وزیراویس لغاری نے کہا کہ چارجنگ سٹیشنز کا قیام عالمی معیارکے مطابق عمل میں لایا جائے گا، تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد مسودہ جلد پاور ڈویژن سے منظور کرایا جائے گا۔

وفاقی وزیراویس لغاری نے کہا کہ چارجنگ سٹیشن کے لیے بجلی کے کنکشنز ترجیجی بنیاد پر دیئے جائیں گے، چارجنگ سٹیشن کے لیے بجلی کی سپلائی اور وولٹیج کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے پٹرول پرچلنے والی گاڑیوں کےاخراجات میں خاطر خواہ کمی ہو گی، اقدامات کے نفاذ سے پاکستان میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

اویس لغاری نے کہا کہ چارجنگ بیٹریز کی ٹیسٹنگ کیلئے معیاری ٹیسٹنگ سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں