دیامر بھاشا ڈیم کی لاگت 479 سے بڑھ کر 1400 ارب تک پہنچنے کا انکشاف
اسلام آباد: (دنیا نیوز) دیامر بھاشا ڈیم کی لاگت 479 ارب سے بڑھ کر 1400 ارب تک پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے۔
وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کی پیشرفت بارے جائزہ اجلاس ہوا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دیامر بھاشا ڈیم پاکستان کی آبی اور خوراک کی سکیورٹی کیلئے اہم منصوبہ ہے، 2018 تک دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیری لاگت کا تخمینہ 479 ارب روپے تھا، 2018 تک زمین کی خریداری پر 120 ارب روپے خرچ کئے جا چکے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ آج تک منصوبے کیلئے کاغذوں میں 480 ارب کا تخمینہ ظاہر کیا جا رہا ہے، التواء کے شکار منصوبے کی لاگت 479 ارب سے بڑھ کر 1400 ارب تک پہنچ گئی ہے۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ 6 سال گزرنے کے باوجود منصوبے کا نظر ثانی شدہ پی سی ون تک نہیں بن سکا، جس منصوبے کا پی سی ون دو سال پرانا ہو جائے اس پر کام نہ شروع کیا جائے۔