پاکستانی پروازوں کی بحالی کیلئے یورپی ایوی ایشن اتھارٹی کو ضروری امور بارے آگاہ کردیا گیا
کراچی:(دنیا نیوز) یورپ میں پاکستانی پروازوں کی بحالی کےمعاملے پرسول ایوی ایشن اتھارٹی نے ریگولیٹری کے تمام ضروری امورمکمل کرکے یورپی ایوی ایشن حکام کو آگاہ کردیا۔
ذرائع کےمطابق یورپ میں پاکستانی پروازوں کی بحالی کےمعاملے پرسول ایوی ایشن اتھارٹی اوریورپی ایوی ایشن حکام کے مابین آن لائن میٹنگ ہوئی، آن لائن میٹنگ میں پاکستانی ہوا بازی اتھارٹی کےتمام شعبوں کےحکام شریک ہوئے۔
سی اے اے اوریورپی حکام کی آن لائن میٹنگ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی یورپی ایوی ایشن کوآگاہی دی کہ سی اےا ے پاکستان ریگولیٹری نے تمام ضروری امورمکمل کرلیے ہیں۔
ذرائع نے بتایا یورپی ایئر سیفٹی کمیٹی کا اجلاس رواں سال کے نومبرمیں ہوگا، میٹنگ کے دوران یورپی حکام نے سی اے اے کو آگاہی دی کہ پاکستانی ایئر لائنز کی یورپی ممالک کے لیے معاملہ زیرغور آئے گا،ان کی جانب سے میرٹ دیکھ کر پاکستانی فلائٹس کی بحالی کے فیصلے کے بارے میں بھی بتایا گیا۔
یورپی حکام نے پاکستان کومشورہ دیا کہ نومبر کےجائزہ اجلاس تک پاکستان ریگولیٹری اقدامات کومزید بہترکرے، سی اے اے کی جانب سے بین الاقوامی ہوابازی کےادارے کوتفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پائلٹس لائسنسنگ شعبےمیں امتحانات کےنظام کومکمل اپ گریڈ کردیا ہے۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ فلائٹ سٹینڈرڈ اورایئروردینس شعبہ جات میں انسپکٹرز کی مطلوبہ تعداد کو یورپی یونین کےمعیار کےتحت بڑھا دیا گیا ہے، ایئرپورٹس اتھارٹی اورریگولیٹری شعبوں پر مشتمل پاکستان سول ایوی ایشن قائم کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یورپ میں پاکستانی ایئر لائنز پرگزشتہ 4سال سے پابندی عائد ہے۔