پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر شدید مندی
کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر شدید منفی رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی ریکارڈ کی گئی، 3000 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 70 ہزار 625 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کے اختتام پر انڈیکس ایک لاکھ 73 ہزار 939 پوانئٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب ایران امریکا مذاکرات کے دوسرے دور کے اعلان کے بعد ایشیائی مارکیٹس میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں 0.62 فیصد اضافہ ہوا، چین کے شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں 0.59 فیصد کی تیزی دیکھی گئی ہے جبکہ جاپان کے نکی انڈیکس میں بھی 0.46 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اس کے علاوہ انڈونیشیا کے جکارتہ کمپوزٹ انڈیکس میں 0.17 فیصد اضافہ ہوا ہے۔