کوشش ہے ایک بھی بچہ تعلیم کے بنیادی حق سے محروم نہ رہے، سہیل آفریدی

پشاور: (دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل اافریدی نے کہا ہے کہ کوشش ہے ایک بھی بچہ تعلیم کے بنیادی حق سے محروم نہ رہے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے زیرِ صدارت شعبہ تعلیم میں اصلاحات بارے اہم اجلاس ہوا ہے، اجلاس میں شعبہ تعلیم میں جاری اصلاحات پر پیش رفت اور مجودہ اصلاحاتی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو صوبے میں انٹر ڈسپلنری ریسرچ سینٹر کے قیام کے لیے 50 کروڑ روپے جاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔

اجلاس میں شرح خواندگی میں تیز رفتار اضافے کے لیے دور افتادہ علاقوں میں کمیونٹی سکولوں کے قیام کی تجویز اور ڈبل شفٹ سکول پروگرام میں توسیع، آئی ٹی اور اے آئی کورسز کے اجرا سے اتفاق کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے پیش کردہ تجاویز پر تفصیلی اجلاس طلب کرنے اور آئندہ کے لائحہ عمل کو جلد حتمی شکل دینے اور متفقہ تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کے لیے فالواپ اجلاس کے انعقاد، متعلقہ حکام پر مشتمل رابطہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ چھ ماہ سے تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز ہے، اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، صحت اور تعلیم براہ راست عوام سے منسلک ہیں، جبکہ صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق انسانیت پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شعبہ تعلیم کو ہمہ گیر تبدیلی سے ہمکنار کرنا حتمی ہدف ہے، کوشش ہے ایک بھی بچہ تعلیم کے بنیادی حق سے محروم نہ رہے۔

وزیر اعلیٰ نے ای ٹرانسفر پالیسی، یکساں نصاب تعلیم، سیمسٹر سسٹم، مانیٹرنگ، ٹیچرز ٹریننگ، سکول بیسڈ اسسمنٹ، ورچوئل سکولنگ اور اے آئی کورسز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شرح خواندگی میں اضافے، جدید رجحانات کے فروغ اور بچوں کو تعلیم تک یکساں رسائی کے لیے مجوزہ فریم ورک پر غور کرنے کی ہدایت دی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں