لاہور: تھانے میں لڑکے پر تشدد، ایس ایچ او سمیت دیگر عملہ معطل، 2 پر مقدمہ درج

لاہور، (دنیا نیوز) لاہور کے تھانہ ڈیفنس اے میں لڑکے پر تشدد کا معاملہ، ویڈیو وائرل ہونے پر دو پولیس اہلکاروں کے خلاف واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ایس پی کینٹ کو 24 گھنٹے میں حتمی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی گئی، ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے پولیس فورس میں احتساب کا عمل بلاامتیاز جاری رہے گا۔

پولیس کا کہنا ہے مقد مہ میں کانسٹیبل ساجد علی اور لیڈی کانسٹیبل حفصہ شفیق کو نامزد کیا گیا ہے، مقدمہ سب انسپکٹر شیراز احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا، ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او خرم شہزاد سمیت دیگر اہلکاروں کو معطل کر دیا، متعلقہ ایس ڈی پی او کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔

وائرل ویڈیو میں 2 کانسٹیبلز کو تفتیش کے دوران تشدد اور بدسلوکی کرتے دیکھا گیا، ترجمان پولیس کے مطابق ایس پی کینٹ کو واقعہ کی انکوائری سونپ دی گئی، ذمہ داروں کے تعین کیلئے مکمل فیکٹ فائنڈنگ کا حکم دے دیا گیا، ایس پی کینٹ کو 24 گھنٹے میں حتمی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے پولیس حراست میں تشدد، بدسلوکی کسی صورت برداشت نہیں، شہریوں سے عزت اور قانون کے مطابق سلوک یقینی بنایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں