برآمدات پر مبنی صنعت، ملکی ترقی کے اہداف کیلئے ناگزیر: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ برآمدات پر مبنی صنعت، ملکی ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے ناگزیر ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے حکمت عملی پر اجلاس ہوا، حکومت اپنی توجہ برآمدات میں اضافے اور صنعتوں کو سہولیات فراہم کرنے ہر مرکوز کئے ہوئے ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایسے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور صنعتیں جو کہ برآمدات میں اضافے کے حوالے سے اہم ہیں، کو حکومتی سہولیات فراہم کرنے کے حوالےسے لائحہ عمل تیار کیا جائے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایسے نئے کاروباروں اور صنعتوں کے فروغ کے لیے بھی حکمت عملی مرتب کی جائے جو ملکی برآمدات میں اضافے کا باعث بنیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملکی صنعت اور تجارت میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ اور جدت، ملکی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں مسابقت دلانے میں مددگار ثابت ہو گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے برآمد کنندگان کو ٹیکس ریفنڈ کی بروقت ادئیگی کی ہدایت کی۔

اجلاس کو ملکی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی، پالیسی مسودے پر اجلاس میں بحث بھی کی گئی اور شرکاء نے اپنی اپنی رائے اور تجاویز پیش کیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں