ایشیائی ترقیاتی بینک کراچی سرکلر ریلوے کیلئے ایک ارب ڈالر سرمایہ کاری کرے گا

کراچی: (دنیا نیوز) ایشیائی ترقیاتی بینک کراچی سرکلرریلوے کیلئے ایک ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کرے گا۔

چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کی ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر حسین حیدر کی سربراہی میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں سندھ کے ٹرانسپورٹ سیکٹر کی بہتری اور اہم منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آصف حیدر شاہ نے کہا کہ حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں مربوط شہری ٹرانسپورٹ نظام تیار کیا جائے گا، ایشیائی ترقیاتی بینک نے سندھ کے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں دو اہم مداخلتوں کی یقین دہانی کرا دی۔

پہلی مداخلت سندھ کے بڑے شہروں میں جدید شہری ٹرانسپورٹ نظام کی ترقی پر مرکوز ہوگی، دوسری مداخلت کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی اور جدید کاری سے متعلق ہوگی۔

چیف سیکرٹری سندھ نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کراچی کے ٹرانسپورٹ مسائل کے حل کے لیے اہم منصوبہ ہے، کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی سے ٹریفک دباؤ میں کمی اور شہری رابطوں میں بہتری آئے گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کراچی سرکلر ریلوے کے لیے ایک ارب ڈالر تک فنانسنگ کرے گا، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں