کابینہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس، پی این ایس سی بورڈ کو مضبوط بنانے پر اتفاق
اسلام آباد:(دنیا نیوز)وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ادارہ جات کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے بورڈ میں آزاد ڈائریکٹرز کی تقرریوں کی منظوری دی گئی۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق بتایا کہ پی این ایس سی بورڈ میں تقرریاں ایس او ای ایکٹ 2023 اور گورننس فریم ورک کے مطابق منظورکیا گیا اور میرٹائم افیئرز ڈویژن کی سمری پر کمیٹی کی منظوری کے ساتھ پی این ایس سی کے بورڈ کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا۔
اِسی طرح پاور ڈویژن کی جانب سے ڈبلیو ایکس ڈسکوز کے پبلک سروس آبلیگیشن معاہدے کی منظوری حاصل کی گئی۔
بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے طے شدہ شرائط کے تحت پی ایس او معاہدے ،سائنس و ٹیکنالوجی ڈویژن کی سمری پر ایراڈا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تقرریوں کی منظوری دی گئی۔
وزارت خزانہ کے ذرائع نے کہا کہ ایراڈا دفاع، صنعت اور جامعات میں معیاری تحقیق کی قیادت کرے گا،حکومت نے سرکاری اداروں میں شفافیت، گورننس اور پیشہ ورانہ انتظام کو مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اجلاس میں کابینہ کمیٹی نے مختلف سرکاری اداروں کے بورڈز میں تقرریوں سے متعلق اہم فیصلوں کی توثیق کر دی جب کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی اور احتساب بہتر بنانے کیلئے اصلاحاتی عمل جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔