فیسکو کی نجکاری کیلئے ری سٹرکچرنگ پلان کی منظوری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نجکاری کمیشن بورڈ کے اجلاس میں اہم فیصلے کرتے ہوئے فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کی نجکاری کیلئے ری سٹرکچرنگ پلان کی منظوری دے دی گئی۔
نجکاری کمیشن کے مطابق فیسکو کا ری سٹرکچرنگ پلان حتمی منظوری کیلئے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کو بھجوایا جائے گا جبکہ فیسکو، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل ڈسکوز ہوں گی۔
کمیشن نے بتایا کہ ان بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کیلئے مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے اظہارِ دلچسپی طلب کیا جائے گا۔
اجلاس میں ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی (ایچ بی ایف سی) کیلئے مالیاتی مشیر کے انتخاب کی بھی منظوری دی گئی جبکہ کے پی ایم جی کی قیادت میں کنسورشیم کو اعلیٰ درجہ یافتہ بولی دہندہ قرار دیا گیا، مالیاتی مشاورتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے مذاکراتی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی۔
نجکاری کمیشن بورڈ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آپریشنز کی آؤٹ سورسنگ کے حوالے سے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے مجوزہ معاہدے کا بھی جائزہ لیا، کمیشن کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ کیلئے نجی شعبے کے آپریٹر کی شمولیت طویل المدتی کنسیشن ماڈل کے تحت ہوگی۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کے انتظامی امور میں نجی شعبے کی شمولیت سے آپریشنل کارکردگی بہتر ہونے اور مسافروں کو جدید سہولیات کی فراہمی میں بہتری متوقع ہے۔
اجلاس میں مالی سال 2026-27 کے بجٹ تخمینوں کی بھی منظوری دی گئی، نجکاری کمیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت شفاف، مسابقتی اور سرمایہ کار دوست نجکاری پروگرام پر عملدرآمد کیلئے پُرعزم ہے۔
کمیشن کے مطابق نجکاری پروگرام کا مقصد سرمایہ کاری کا فروغ، معاشی نمو اور عوامی خدمات میں بہتری لانا ہے جبکہ تمام نجکاری معاملات قانونی اور ضابطہ جاتی فریم ورک کے مطابق مکمل کیے جائیں گے۔
کمیشن نے کہا کہ شفافیت، جوابدہی اور قومی اثاثوں کی بہترین قدر کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا۔