پٹرولیم قیمتوں کے نظام میں اصلاحات، پلیٹس ڈیٹا عوامی کرنے کی سفارش

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پٹرولیم قیمتوں کے تعین کے نظام میں اصلاحات سے متعلق وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس کی صدارت وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کی۔

اجلاس میں عالمی مارکیٹ کے تناظر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے مختلف طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔

کمیٹی نے سفارش کی کہ اوگرا روزانہ پلیٹس (Platts) قیمتوں کا ڈیٹا اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے تاکہ عوام کو قیمتوں کے تعین کے بینچ مارک سے آگاہی حاصل ہو سکے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پٹرولیم پرائس سٹیبلائزیشن فنڈ کو قواعد پر مبنی، شفاف اور صوابدیدی فیصلوں سے پاک نظام کے تحت چلانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ تیل کی سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن پر بھی تمام اراکین نے اتفاق کیا۔

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش سے عالمی توانائی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی ہے، جس کے باعث کمیٹی کی ذمہ داری مزید اہم ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی ایم جی سٹڈی کے مطابق پاکستان میں پٹرول کی قیمتیں بنگلہ دیش، سری لنکا اور ترکیہ سے کم جبکہ بھارت کے تقریباً برابر ہیں۔

علی پرویز ملک نے بتایا کہ مقامی ڈیزل پیداوار بڑھانے اور درآمدی ڈیزل پر انحصار کم کرنے کے لیے ریفائنری پالیسی میں ترامیم تجویز کر دی گئی ہیں، مقامی ڈیزل پیداوار میں اضافہ پاکستان کی توانائی سلامتی کو مزید مضبوط بنائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کا آئندہ اجلاس حتمی ہوگا، جس کے بعد سفارشات وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...