کے الیکٹرک نے پپری پمپنگ سٹیشن کی بجلی 22 گھنٹے بعد بحال کر دی
کراچی: (دنیا نیوز) کے الیکٹرک نے 22 گھنٹوں کی طویل بندش کے بعد پپری پمپنگ سٹیشن کی بجلی بحال کردی، جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی دوبارہ شروع کر دی گئی۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق پپری پمپنگ سٹیشن کو بجلی کی فراہمی آج صبح 7 بجے بحال ہوئی، بجلی کی بحالی کے فوری بعد پپری سے کراچی کے مختلف علاقوں کو پانی کی فراہمی کیلئے پمپنگ آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پپری پمپنگ سٹیشن پر بجلی کی طویل بندش کے باعث کراچی کو مجموعی طور پر 133 ملین گیلن پانی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
واٹر کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ بجلی بحال ہونے کے بعد پانی کی فراہمی معمول پر لانے کیلئے پمپنگ آپریشن جاری ہے، جبکہ شہر میں پانی کی سپلائی بتدریج معمول پر آنے کی توقع ہے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ روز کے الیکٹرک کے سسٹم سے کیبل چوری ہونے کے باعث پپری پمپنگ سٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا تھا، جس کے نتیجے میں پمپنگ کا عمل متاثر ہوا اور کراچی کے مختلف علاقوں کو پانی کی فراہمی میں خلل پڑا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments