پی ایس ایل 6، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 8 وکٹ سے شکست دے دی

کرکٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل 6 کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 8 وکٹ سے شکست دے دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کراچی کنگز کی طرف سے اننگز کا آغاز شرجیل خان اور بابر اعظم نے کیا، 37 کے مجموعی سکور پر شرجیل 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد وسیم نے وکٹ حاصل کی۔ اس دوران بابر اعظم اور نجیب اللہ زردان نے یونائیٹڈ کے باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی۔ دونوں نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف شاندار شارٹس کھیلے۔

بابر اعظم کی اننگز کا خاتمہ حسن علی نے کیا۔ انہوں نے 81 سکور بنائے۔ پریرا صفر رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دیگر بیٹسمینوں میں نجیب اللہ زردان 71 اور والٹن ایک رن بنا سکے۔ کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 190 رنز بنائے۔ عاکف جاوید، حسن علی، محمد وسیم، علی خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ شروع ہوئی تو اوپنرز عثمان خواجہ اور کولن منرو میدان میں اترے تاہم عثمان زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور 12 رنز پر پویلین لوٹ گئے، ان کے بعد آنیوالے محمد اخلاق بھی صرف ایک رن بنا سکے۔ چوتھے نمبر پر آنیوالے افتخار احمد اور کولن منرو کی خوب جمی، انہوں نے شاندار پارٹنر شپ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو جیت دلائی اور ناٹ آوٹ رہے۔ کولن منرو نے 2 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 88 رنز اسکور کیے جبکہ افتخار احمد نے 71 رنز بنائے جن میں پانچ چھکے اور پانچ ہی چوکے شامل تھے۔ یوں اسلام آباد یونائیٹڈ نے محض 2 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز کا ہدف 18.4 اوورز میں حاصل کر لیا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں