پی ایس ایل: نیشنل سٹیڈیم میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بابر اعظم کے نام

کرکٹ

لاہور:(ویب ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے نیشنل سٹیڈیم میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کا میلہ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں سج گیا ہے اور شائقین کرکٹ بھی پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔

اس ایونٹ کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ کراچی کنگز اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے پاس بطور بلے باز نیشنل سٹیڈیم میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ ہے۔
بابر اعظم اس فہرست میں 15 اننگز میں 721رنز بناکر پہلے نمبر پر ہیں جبکہ ان کی اننگز میں 8 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں ۔

دوسرے نمبر پر کامران اکمل ہیں جنہوں نے 13 اننگز میں 3 نصف سنچریوں کی مدد سے 419 رنز بنارکھے ہیں ۔

تیسری پوزیشن فخر زمان کی ہے جنہوں نے 3 نصف سنچریوں کی بدولت 10 اننگز میں 376 رنز بنا رکھے ہیں ۔

چوتھے نمبر پر شرجیل خان کے 12 اننگز میں 353 رنز ہیں اور انہوں نے بھی 3 نصف سنچریاں بنا رکھی ہیں ۔

محمد حفیظ 9 اننگز میں 3 نصف سنچریوں کے ساتھ 319 رنز بنائے ہوئے ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں