ٹی 20 سیریز : پاکستان، افغانستان کے خلاف کلین سوئپ سے بچ گیا

شارجہ : ( دنیا نیوز ) پاکستان، افغانستان کو ٹی 20 سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں 66 رنز سے شکست دے کر کلین سوئپ سے بچ گیا۔

شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی 20 سیریز کے آخری میچ میں قومی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے، صائم ایوب 49 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

عبداللہ شفیق 23، عماد وسیم 13، طیب طاہر 10 رنز بنا سکے، محمد حارث 1، افتخار احمد 31 ، شاداب خان 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، محمد نواز 5 اور محمد وسیم 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے 2 ، راشد خان، فرید احمد، فضل حق فاروقی ، محمد نبی اور کریم جنت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 18.4 اوورز میں 116 رنز بنا سکی، رحمان اللہ گرباز نے 18 ، محمد نبی نے 17 اور کپتان راشد خان نے 16 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ عظمت اللہ 21 رنز بنا سکے۔

پاکستان کی جانب سے احسان اللہ اور کپتان شاداب خان نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عماد وسیم، وسیم جونیئر اور زمان خان نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ افغانستان نے تین میچز میں مشتمل ٹی 20 سیریز 1-2 سے اپنے نام کی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں