پاکستان کپ ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ: ڈائنامائٹس نے چیلنجرز کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کپ ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں ڈائنامائٹس نے چیلنجرز کو 8 وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی، ڈائنامائٹس نے پہلے میچ میں بلاسٹرز کو 9 وکٹوں سے ہرایا تھا۔

ڈائنامائٹس کی کپتان سدرہ امین نے ٹاس جیت کر چیلنجرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، چیلنجرز کی پوری ٹیم 40.3 اوورز میں 119 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، جویریہ رؤف نے 2 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے جبکہ دوسرا بڑا سکور کپتان عمائمہ سہیل کا رہا جنہوں نے 18 رنز سکور کیے۔

ڈائنامائٹس کی طرف سے وحیدہ اختر، عالیہ ریاض اور غلام فاطمہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

جوابی اننگز میں ڈائنامائٹس نے مطلوبہ ہدف 28.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، کپتان سدرہ امین نے 5 چوکوں کی مدد سے 42 رنز کی اننگز کھیلی، خدیجہ چشتی نے 33 رنز سکور کیے جس میں 5 چوکے شامل تھے جبکہ بسمہ معروف 16 اور عالیہ ریاض 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔

ٹورنامنٹ کا چوتھا میچ پیر کے روز بلاسٹرز اور ڈائنامائٹس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں