بابراعظم اور محمد رضوان ہارورڈ یونیورسٹی پروگرام کیلئے امریکا روانہ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی پروگرام کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان امریکا روانہ ہوگئے۔

بابر اعظم اور محمد رضوان ہارورڈ یونیورسٹی بزنس سکول کے ایجوکیشن پروگرام میں شرکت کریں گے۔

دونوں قومی کرکٹرز ہارورڈ یونیورسٹی کے ایجوکیشن پروگرام میں شرکت کرنیوالے پہلے پروفیشنل کرکٹرز ہوں گے، بابر اور رضوان 31 مئی سے 3 جون تک ہارورڈ یونیورسٹی ایجوکیشن پروگرام میں شرکت کریں گے، ہارورڈ یونیورسٹی ایجوکیشن پروگرام ہارورڈ بزنس سکول بوسٹن میں منعقد ہوگا۔

بابر اعظم
اس حوالے سے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ میں اپنی ساری زندگی سیکھتا ہی آیا ہوں، میں نے اس پروگرام سے متعلق پروفیسر البرس اور طلحہ رحمانی سے تفصیلی گفتگو بھی کی ہے، میں ہارورڈ میں اس عالمی معیار کے پروگرام میں سیکھنے اور نیا تجربہ کرنے کیلئے جانا چاہتا ہوں۔

قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ دنیا کے کونے کونے سے آنے والے مختلف شعبہ جات کے لوگوں سے مجھے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔

محمد رضوان
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ایسے باوقار عالمی سٹیج پر پاکستان کی نمائندگی کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے، ہم ہارورڈ کے بی ای ایم ایس (BEMS) پروگرام میں جا رہے ہیں تاکہ دنیا کے بہترین لوگوں سے سیکھ سکیں۔

وکٹ کیپر بلے باز نے کہا کہ مجھے یقین ہےکہ یہ ایک دلچسپ سفر ہوگا، میں کرکٹ کی دنیا کے اگلے سپر سٹارز کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کرنے کا منتظر ہوں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں