پی سی بی میں نئی تقرریاں، موجودہ بورڈ افسران میں کھلبلی مچ گئی

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ میں اہم سرکاری عہدوں پر تعینات افسران کی ڈیپوٹیشن پر تقرری کے بعد بورڈ افسران میں کھلبلی مچ گئی۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی میں موجودہ اعلی عہدیداروں کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کے امکانات زیر بحث ہیں، ان افسران کو اپنے مستقبل کی فکر ستانے لگی ہے جس کے بعد متعلقہ افسران نے آپس میں صلاح مشورے شروع کر دیے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ میں موجودہ اعلی عہدیداروں میں دو پولیس افسران اور ایک ایڈمنسٹریٹیو سروسز کے افسر کی خدمات پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں حاصل کی گئی ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق سی او او سلمان نصیر کو نئی ذمہ داریاں سونپی جا سکتی ہیں، اس تبدیلی کے ساتھ ساتھ سکیورٹی اینڈ ویجیلنس، ایچ آر، لیگل اور مارکیٹنگ کے سربراہان کی بھی تبدیلی کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کرکٹ بورڈ میں نئی تعیناتیوں کا نوٹیفکیشن جاری

ذرائع کا بتانا ہے کہ پچھلے ادوار میں بی سی بی میں آنے والے افسران کے الگ ہونے کا امکان بھی موجود ہے اور شعبہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی تبدیلی کا قوی امکان ہے۔

بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی آئین کے مطابق سی ای او یا ایم ڈی کا عہدہ بھی متعارف کرایا جا سکتا ہے،پنجاب کی حکومتی ذمہ داریوں سے الگ ہونے کے بعد چئیرمین محسن نقوی کی ساری توجہ بورڈ کے معاملات پر ہو گی، بورڈ میں ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد محسن نقوی پاکستان کرکٹ ٹیم کے معاملات دیکھیں گے اور پاکستان ٹیم کے لیے غیر ملکی کوچز کی تعیناتی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں