کوشش کروں گا اگلے میچز میں اپنے روایتی چھکے ماروں: اعظم خان

لاہور: (ویب ڈیسک) اسلام آباد یونائیٹڈ کے مڈل آرڈر بلے باز اعظم خان نے کہا ہے کہ اونچ نیچ ہوتی رہتی ہیں، کوشش کروں گا آئندہ میچز میں اپنے روایتی چھکے ماروں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم خان کا کہنا تھا کہ بیٹر کو ہر نمبر پر کھیلنا آنا چاہیے، ٹیم کو جہاں میری ضرورت ہوگی میں کھیلوں گا، ملک کیلئے کھیلنا ایک اعزاز ہے، مجھے جو موقع ملا میں اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکا، دوبارہ موقع ملا تو بہتر کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ ایک بڑا سپر سٹار ہے، تینوں بھائیوں کے ساتھ مزہ آ رہا ہے، اسلام آباد انجوائے کر رہی ہے، ایلکس ہیلز اہم کھلاڑی ہیں انہیں مس کریں گے،ہماری باؤلنگ اچھی ہے یہ اچھا ہے کہ ہماری غلطیاں جلد سامنے آ گئیں، پی ایس ایل پرائم ٹورنامنٹ ہے اس میں اچھا کرنے کا فائدہ ہوتا ہے۔

اعظم خان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی پی ایس ایل پر فوکس ہے، مستقبل کے بارے زیادہ نہیں سوچتا تاہم آگے کھیلنا ہے تو فٹنس پر تو کام کرنا پڑے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں