جیت دور نہیں، کامیابی کا تسلسل بھی قائم کرینگے: سکندر رضا

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر سکندر رضا نے کہا ہے کہ ہم جیت سے بہت دور نہیں ہیں، جیت کا تسلسل بھی قائم کریں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سکندر رضا کا کہنا تھا کہ ناصرف کرکٹ بلکہ زندگی میں بھی ہارنے سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے، ناکامی بھی کھیل اور زندگی کا حصہ ہے جیسے کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم میچز آخر میں جا کر ہارے ہیں ہار سب کو نظر آ رہی ہے، یہ بھی دیکھیں کئی چیزیں بہت اچھی بھی ہو رہی ہیں، ہم جیت کا فارمولا تلاش کر رہے ہیں، فارمولا ضرور ملے گا اس وقت پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ ہم راشد خان کو کرکٹر کے طور پر مس تو کر ہی رہے ہیں لیکن انسان کی حیثیت سے زیادہ مس کر رہے ہیں، وہ بہت پیارے انسان ہیں، انہیں آن دی فیلڈ اور آف دی فیلڈ مس کر رہے ہیں۔

سکندر رضا نے مزید کہا کہ لاہور قلندرز میرے لیے ایک احساس اور فیملی ہے، جب آپ تین چار سال لاہور قلندرز کا حصہ رہیں تو اس کا مطلب آپ قلندر ہو چکے ہیں، میں بھی قلندر ہو چکا ہوں، قلندرز میں آنے سے میری شاعری کے شوق میں اضافہ ہوا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں