قلندرز کیخلاف شاندار باؤلنگ، اسامہ نے آفریدی کا ریکارڈ توڑ دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ملتان سلطانز کے سپنر اسامہ میر نے لاہور قلندرز کے خلاف پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے 14 ویں میچ میں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاہد آفریدی کو پیچھے چھوڑ دیا۔

ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو اس میچ میں 60 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے دی، شکست کے بعد قلندر کے پلے آف میں پہنچنے کے امکانات بھی کم ہو گئے ہیں۔

مذکورہ میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے کھیلتے ہوئے اسامہ میر نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں 40 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اپنی اس فتح گر پرفارمنس کے ساتھ اسامہ میر نے سپر سٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو ریکارڈ بک میں پیچھے چھوڑ دیا، اسامہ میر پی ایس ایل کی تاریخ میں ایک اننگز میں سب سے بہترین باؤلنگ کروانے والے سپنر بن گئے ہیں۔

ان سے قبل یہ ریکارڈ شاہد آفریدی کے پاس تھا، انہوں نے 2018 میں پشاور زلمی کی جانب سے کھیلتے ہوئے 7 رنز دے کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

پی ایس ایل میں بہترین باؤلنگ کروانے کا ریکارڈ روی بوپارا کا ہے، انہوں نے کراچی کنگز کی جانب سے کھیلتے ہوئے لاہور قلندرز کے خلاف 16 رنز دے کر 6 وکٹیں لی تھیں۔

انکے علاوہ فہیم اشرف اور عمر گل بھی 6، 6 وکٹیں لے کر اس فہرست میں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں