پی ایس ایل9: آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز میں ٹاکرا

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے 16 ویں میچ میں آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں پنجہ آزمائی کریں گی۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں دونوں ٹیمیں شام 7 بجے میدان میں اتریں گی، کراچی کنگز کی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر آج اپنا دوسرا میچ کھیل کر گزشتہ شب اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں ہونے والی شکست کی خفت مٹانے کیلئے جان لڑائے گی۔

یاد رہے کہ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں ایونٹ میں اپنے 4،4 میچز کھیل چکی ہیں جن میں سے کراچی کنگز 2 میں فاتح رہی اور 2 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایک میں ناکامی اور 3 میچز میں فتح سے ہمکنار ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ کراچی کنگز کی 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن ہے۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں