تینوں فارمیٹ کھیلنے والے قومی کرکٹرز کیلئے این او سی محدود کرنے کا فیصلہ

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے تینوں فارمیٹ کھیلنے والے قومی کرکٹرز کیلئے این او سی محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آل فارمیٹ پلیئرز کیلئے پالیسی چیئرمین محسن نقوی، ہیڈ کوچز اور شعبہ انٹرنیشنل کی میٹنگ میں طے کی گئی، رواں سال تینوں فارمیٹ کھیلنے والے قومی کرکٹرز کو لیگز کیلئے این او سی نہ دیئے جانے کا امکان ہے کیونکہ اگلے سال مئی تک پاکستان کی نان سٹاپ کرکٹ ہے۔

مسلسل کرکٹ کی وجہ سے این او سی کی پالیسی کو مزید محدود کیا جا رہا ہے تاکہ آل فارمیٹ کھیلنے والے کرکٹرز تھکاوٹ اور انجریز سے محفوظ رہیں۔

آئندہ ماہ بنگلا دیش سیریز سے چیمپئنز ٹرافی 2025ء تک پاکستان ٹیم نے 9 ٹیسٹ، 14 ون ڈے اور 9 ٹی 20 میچز کھیلنے ہیں۔

نسیم شاہ کو بھی اسی پالیسی کے تحت دی ہنڈریڈ کیلئے این او سی جاری نہیں ہوا، گلوبل ٹی 20 کیلئے بابر اعظم، شاہین آفریدی اور محمد رضوان کے معاہدے ہیں، گلوبل ٹی 20 کو تاحال آئی سی سی کی جانب سے منظوری نہیں ملی۔

آئی سی سی کی منظوری کے بعد پلیئرز کے این او سی کا معاملہ زیر غور آئے گا۔

گلوبل ٹی 20 لیگ کینیڈا میں 25 جولائی سے 11 اگست تک شیڈول ہے، پی سی بی کی پالیسی پی ایس ایل کے ساتھ دو غیر ملکی لیگز کھیلنے کی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں