محسن نقوی کا دورہ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد، چیمپئنز کپ کے انتظامات کا جائزہ لیا
فیصل آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی رات گئے اقبال سٹیڈیم فیصل آباد پہنچ گئے جہاں انہوں نے چیمپئنز کپ کی تیاریوں کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گراؤنڈ اور انکلوژرز کا معائنہ کیا، محسن نقوی نے چیمپئنز کپ کے میچز کے لئے گراؤنڈ اور انکلوژرز میں کئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا جبکہ انہوں نے کھلاڑیوں کا پریکٹس سیشن بھی دیکھا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے ہدایت کی ہے کہ چیمپئنز کپ کے لئے شائقین کرکٹ کے لئے بہترین انتظامات کئے جائیں، عرصہ دراز کے بعد بڑے کھلاڑی فیصل آباد کے میدان میں اتر رہے ہیں، چیمپئنز کپ ٹورنامنٹ کے انتظامات میں کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا ہے کہ فیصل آباد کے لوگ کرکٹ سے محبت کرتے ہیں، امید ہے فیصل آباد کے لوگ چیمپئنز کپ کے میچز کو بھرپور انجوائے کریں گے۔
محسن نقوی نے شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے مزید انتظامات کرنے کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں جبکہ ڈائریکٹر ڈومیسٹک عبداللہ خرم نیازی نے چیمپئنز کپ کے سلسلے میں اقبال سٹیڈیم میں انتظامات کے بارے محسن نقوی کو بریفنگ دی۔