آخری ٹی 20 میں زمبابوے نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے ہرا دیا، سیریز گرین شرٹس کے نام
بلاوائیو: (دنیا نیوز) ٹی 20 سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دیدی تاہم پاکستان نے میزبان ٹیم کے خلاف 1-2 سے سیریز اپنے نام کرلی۔
زمبابوے نے پاکستان کا 133 رنز کا ہدف آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، برائن بنیٹ 43، مارومانی 15، سکندر رضا 19 اور میئرز نے 13 رنز بنائے۔
آخری اوور میں ماپوسا 4 گیندوں پر 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور اپنی ٹیم کو پاکستان کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی دلوادی۔
پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 3، جہاندان خان نے2 ،سلمان علی اور سفیان نے ایک، ایک وکٹ لی۔
قبل ازیں بلاوائیو میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے زمبابوے کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے کپتان سلمان علی آغا 32 رنز بنا کر نمایاں رہے، قاسم اکرم 20، عباس آفریدی 15، عثمان خان 5، صاحبزادہ فرحان 4 اور عمیر بن یوسف 0 رن پر پویلین لوٹے جبکہ عرفات منہاس 22 اور جہانداد خان 6 رنز کیساتھ ناقابلِ شکست رہے۔
زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مزرابانی نے 2 جبکہ رائن برل، ویلنگٹن ماساکاڈزا، رچرڈ نگاروا اور ٹینوٹینڈا میپوسا نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ گرین شرٹس نے زمبابوے کے خلاف سیریز کے پہلے 2میچز جیت کر فیصلہ کن برتری حاصل کرلی تھی، آخری ٹی ٹوئنٹی میں زمبابوے کی جیت کے بعد پاکستان نے میزبان ٹیم کے خلاف 1-2 سے سیریز اپنے نام کی۔