انڈر 19ایشیا کپ: بنگلا دیش پاکستان کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا

دبئی: (دنیا نیوز) انڈر 19 ون ڈے ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بنگلا دیش نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

بنگلا دیش نے پاکستان کی جانب سے ملنے والا 117 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 23 ویں اوور میں بآسانی حاصل کرلیا۔

بنگلا دیش کی جانے سے کپتان عزیز الحکیم 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، محمد شہاب نے 26 اور زواد ابرار نے 17 رنز سکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے نوید احمد، عبدالسبحان اور علی رضا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں بنگلا دیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور یہ فیصلہ درست ثابت ہوا، گرین شرٹس پورے 50 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور صرف 37 اوورز میں پوری ٹیم 116 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کا کوئی بھی بلے باز بنگلا دیشی بولرز کا سامنا نہ کرسکا، دونوں اوپنرز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے، گرین شرٹس کے 4 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔

گرین شرٹس کی جانب سے فرحان یوسف 32 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، محمد ریاض اللہ 28 اور کپتان سعد بیگ 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بنگلا دیش کی جانب سے سب سے کامیاب باؤلر اقبال حسین رہے جنہوں نے 7 اوورز میں 24 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، معروف ماریدھا نے 2، الفہد اور دیباشش نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں