کشمیر روڈ پر والدہ اور بہن کے سامنے نوجوان کا قتل، اہم انکشافات سامنے آ گئے

کرائم

کراچی: (دنیا نیوز) کشمیر روڈ پر والدہ اور بہن کے سامنے نوجوان شاہ رخ کے قتل میں اہم انکشافات سامنے آگئے، شاہ رخ کو قتل کرنے کے بعد قاتل فرزند جعفری کہاں اور کیوں گیا، زیر حراست ملزم عمران نے ابتدائی تفتیش میں مزید انکشافات کر دیئے۔

کشمیر روڈ پر ماں اور بہن کے سامنے قتل ہونے والے شاہ رخ قتل کیس میں مزید انکشافات سامنے آ گئے، زیر حراست ملزم عمران کا کہنا ہے کہ فرزند نے مجھے سستا اسلحہ دلوانے کا وعدہ کیا تھا، میں فرزند کے ساتھ کشمیر روڈ سے جا رہا تھا، رکشہ دیکھ کر اچانک سے فرزند نے راستہ تبدیل کردیا جس پر میں نے کہا ہم نے یہاں تو نہیں جانا تھا، اس نے کہا کام ہے، میرا اندازہ ہے اس نے رکشے میں خواتین کو سونے کے زیورات پہنے دیکھا ہوگا جس کے بعد مجھے کہا اترو، اورخود رکشے کے پیچھے چلا گیا۔

ملزم واپس آیا تو چہرہ چھپایا ہوا تھا، میں نے پوچھا منہ کیوں چھپایا ہے، جس پر فرزند نے کہا کہ مجھے سردی لگ رہی ہے۔ ہم وہاں سے پہلے صدر میں اسلحے کی دکان پر گئے، صدر مارکیٹ سے ہم پھراورنگی ٹاون میٹروول اسحلہ شاپ پر آگئے، اسلحہ کی دکان پر پہنچتے ہی فرزند نے جیکٹ اتار دی، پھر میں نے پوچھا کیا ہوا تو کہا گرمی لگ رہی ہے، میں حیران ہوگیا کہ چند منٹ بعد گرمی لگنے لگی۔

اسلحے کی دکان پر فرزند جعفری انتہائی اطمینان سے بیٹھا رہا، ملزم عمران کے مطابق اسے دیکھ کر بالکل نہیں لگ رہا تھا جیسے کچھ ہوا ہو، عمران نے بتایا پھر جب وہاں سے میں گھر چلا گیا تو ٹی وی پر خبر دیکھی تو مجھے یقین ہوگیا کہ یہ واردات فرزند جعفری نے کی ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں