شفیق آباد میں پولیس مقابلہ: 3 سالہ بچی کو اغوا کرکے قتل کرنے والا ملزم ہلاک
لاہور: (دنیا نیوز) آرگنائزڈ کرائم یونٹ ماڈل ٹاؤن اور اغوا کاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
لاہور کے علاقہ تھانہ شفیق آباد میں تین سالہ بچی کو اغوا کر کے قتل کرنے والا ملزم ارسلان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، انسپکٹر عمران یوسف اور ان کی ٹیم ملزم کو نشاندہی کے لئے علاقہ تھانہ شفیق آباد لے جارہی تھی، نامعلوم ملزموں نے اپنے زیر حراست ساتھی اغوا کار کو چھڑوانے کے لئے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، ملزم کے ساتھیوں کی فائرنگ سے اغوا کار ارسلان شدید زخمی ہو گیا جس کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا جو کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
یاد رہے کہ ہلاک ہونے والے ملزم نے تین سالہ معصوم بچی کو اغوا کرکے بے دردی سے قتل کر دیا تھا اور بچی کی لاش کو گندے نالے میں پھینک دیا تھا۔
ڈی ایس پی چودھری فیصل شریف نے بتایا کہ ملزموں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے جبکہ نامعلوم ملزموں کی فائرنگ سے سرکاری گاڑی کو شدید نقصان پہنچا، ہلاک ہونے والے ملزم کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائده اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لئے علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔