اوباڑو: پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ، ایک ڈاکو گرفتار، 3 فرار
اوباڑو: (دنیا نیوز) سونن شاخ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا جس میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہو گئے۔
ایس ایچ او اوباڑو رفیق احمد سومرو کے مطابق ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جس کی شناخت علی حسن مزاری کے نام سے ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، گرفتار ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ اور ایک چوری شدہ کار برآمد ہوئی ہے۔
رفیق احمد سومرو کا مزید بتانا تھا کہ فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، زخمی ملزم کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، گرفتار ڈاکو کے خلاف ضلع گھوٹکی کے مختلف تھانوں میں سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔