حیدر آباد: مسافر بس کو لوٹنے والے 4 ڈاکو مقابلے میں ہلاک، 3 فرار

حیدرآباد: (دنیا نیوز) پولیس کا مسافر بس کو لوٹنے والے ڈاکوؤں سے مقابلہ ہوا جس میں 4 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

ایس ایچ او ٹنڈوجام نے میرپورخاص سے حیدرآباد آنے والی مسافر کوچ کی ڈکیتی میں ملوث ڈاکوؤں کی ٹنڈو قیصر لنک روڈ پر موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی، پولیس نے پہنچ خطرناک ڈاکوؤں کو روکنے کی کوشش کی تو ڈاکوؤں نے پولیس پر سیدھی فائرنگ شروع کردی۔

ٹنڈوجام پولیس نے بروقت بذریعہ وائرلیس مزید نفری کو طلب کرتے ہوئے مقابلہ جاری رکھا، پولیس کی مزید نفری پہنچ گئی، پولیس کی کارروائی میں چاروں ڈاکو موقع پر مارے گئے جبکہ تین فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ مارے گئے ڈاکوؤں کی لاشوں کو ضروری کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے ڈاکوؤں کو پکڑنے کیلئے بھی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں