لاہور میں مبینہ طور پر دوست نے نوجوان کی جان لے لی
لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت کے علاقے سبزہ زار میں مبینہ طور پر دوست نے زہریلی چیز دے کر دوست کی جان لے لی
لاہور کے علاقے سبزہ زار کے ایچ بلاک میں رنجش کے باعث دوست کے ہاتھوں دوست کی مبینہ ہلاکت کا واقعہ پیش آیا۔
پولیس کے مطابق 27 سے 28 سالہ اسامہ اپنے دوست عثمان کے گھر گیا جہاں اسے مبینہ طور پر زہریلی چیز دی گئی، جس کے باعث اس کی موت واقع ہوگئی۔
متوفی کا بھائی آریان موقع پر پہنچا تو اسامہ مردہ حالت میں پڑا تھا اور اس کی ناک سے خون نکل رہا تھا، اطلاع ملنے پر سبزہ زار پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو مردہ خانے منتقل کردیا۔
پولیس نے مقتول کے بھائی آریان کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے فوری کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ملزم عثمان کو گرفتار کرلیا، ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ مقتول کے پوسٹ مارٹم کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان کا کہنا تھا کہ کسی کو انسانی جان لینے کا اختیار نہیں، واقعے میں ملوث ملزم کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments