افسوسناک واقعے کے بعد سینیٹ قائمہ کمیٹی قومی صحت کا اجلاس کل پمز میں طلب
اسلام آباد:(دنیا نیوز) پمز ہسپتال میں بچوں کی المناک اموات کے معاملے پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت کا اجلاس کل پمز ہسپتال میں طلب کر لیا گیا۔
سینیٹ سیکرٹریٹ نے اجلاس کے انعقاد کا باقاعدہ نوٹس جاری کر دیا ہے جس کے مطابق پمز میں بچوں کی المناک اموات کا معاملہ اجلاس کے ایجنڈے میں واحد نکتہ ہوگا۔
قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عامر ولی الدین چشتی اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس دوپہر 12 بجے پمز ہسپتال کے کانفرنس روم میں ہوگا۔
پمز حکام کمیٹی ارکان کو سانحے سے متعلق تازہ صورتحال اور اب تک سامنے آنے والی تفصیلات پر بریفنگ دیں گے، کمیٹی ہسپتال میں طبی پروٹوکول، مریضوں کی حفاظت کے انتظامات اور ممکنہ انتظامی خامیوں کا بھی جائزہ لے گی۔
اجلاس کے بعد سینیٹ قائمہ کمیٹی کے ارکان جائے سانحہ اور پمز کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کریں گے، کمیٹی مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام، ذمہ داروں کا تعین اور احتساب یقینی بنانے کے لیے سفارشات بھی مرتب کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments