اہلیہ سے بہت محبت، فخر سے کہتا ہوں 'رن مرید' ہوں: ارسلان خان
لاہور: (دنیا نیوز) معروف پاکستانی اداکار ارسلان خان نے کہا ہے کہ اپنی اہلیہ سے بہت محبت کرتا ہوں، فخر سے کہتا ہوں میں رن مرید ہوں۔
حال ہی میں اداکار ارسلان خان "دنیا نیوز" کے مقبول ترین پروگرام "مذاق رات" میں اہلیہ حرا خان کے ہمراہ بطور مہمان شریک ہوئے جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
پروگرام کے دوران میزبان عمران اشرف نے ارسلان سے اہلیہ کی خدمت کرنے اور انکا خیال رکھنے کے بعد ملنے والے القابات سے متعلق سوال کیا جس پر اداکار نے خود کو "رن مرید" قرار دیتے ہوئے سب کی توجہ حاصل کرلی۔
سوال کے جواب میں ارسلان خان کا کہنا تھاکہ میں اپنی بیوی کا بہت احترام کرتا ہوں مجھے حرا سے بہت محبت ہے، اگر اپنی بیوی کا ساتھ دینا اور اس کی عزت کرنا "رن مریدی" کہلاتا ہے تو مجھے اس پر فخر ہے۔
اداکار نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ شادی میں ایک دوسرے کا ساتھ دینا اور ایک دوسرے کا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے اور اگر کوئی اس پر تنقید کرتا ہے تو میں اس کی پرواہ نہیں کرتا۔
ارسلان نے مزید بتایا کہ میرے فون پر کوئی لاک نہیں ہے اور اہلیہ کو اجازت ہے کہ وہ جب چاہیں میرا فون استعمال کرسکتی ہیں، حرا اس معاملے میں بہت لاپرواہ ہے اسے تو اکثر یہ بھی معلوم نہیں ہوتا کہ اس کا فون کہاں رکھا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ ارسلان خان اور حرا خان فروری 2023 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور کامیاب ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔