کرینہ کپور نے انڈسٹری میں اپنے 25 سالہ سفر کو چیلنجنگ قرار دیدیا
ممبئی : (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی "بیبو" کرینہ کپور نے انڈسٹری میں اپنے 25 سالہ سفر کو بطور خاتون اداکارہ انتہائی چیلنجنگ قرار دے دیا۔
کرینہ کپور نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران جہاں مختلف موضوعات پر گفتگو کی وہیں اپنے کیریئر سے متعلق بھی کھل کر اظہار خیال کیا۔
شوبز کیریئر سے متعلق بات کرتے ہوئے کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ ایک ایسے شعبے میں خود کو نئے سرے سے متعارف کرانا جہاں مردوں کا غلبہ ہو، انتہائی خوفناک ہوتا ہے یہاں تک کہ اپنے کیریئر کو برقرار رکھنا بھی مزید مشکل ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب آپ 17 یا 18 سال کے ہوتے ہیں تو ہر کوئی چاہتا ہے کہ آپ فلم میں ہوں لیکن اگر آپ نے اس حالت میں 10 سال گزار لیے ہیں تو آپ کو اپنی تشکیل نو کرنی چاہیے تاکہ انڈسٹری میں اپنی جگہ برقرار رکھی جا سکے لیکن مردانہ غلبے کی حامل اس صنعت میں یہ انتہائی خوفناک عمل ہے۔
بیبو کا کہنا تھا کہ میں ایسے خاندان سے ہوں، جہاں سب ہی شاندار اداکار ہیں، یہی چیلنج مجھے درپیش ہے تاکہ میری شناخت کہیں چھوٹ نہ جائے۔
واضح رہے کہ 44 سالہ اداکارہ کرینہ کپور کے بالی ووڈ میں 25 سال مکمل ہوگئے ہیں، انہوں نے ابھیشیک بچن کے مقابل فلم رفیوجی سے ڈیبیو کیا تھا، وہ جلد ہی روہت شیٹی کی "سنگھم اگین" میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گی، جو یکم نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔