سدھارتھ ملہوترا کے والدانتقال کر گئے، اداکار کا جذباتی پیغام

دہلی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار سدھارتھ ملہوترا کے والد سنیل ملہوترا انتقال کر گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیل ملہوترا کا انتقال 14 فروری کو دہلی میں ہوا، اداکار نے اپنے والد کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کے ساتھ شیئر کی، سنیل ملہوترا طویل عرصے سے علیل تھے اور کافی عرصے سے بیماری میں مبتلا تھے۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ آخری رسومات ادا کر دی گئی ہیں جبکہ سدھارتھ ملہوترا اس وقت اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ دہلی میں موجود ہیں اور کچھ عرصہ وہیں قیام کریں گے، اداکار کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اپنے والد کے بے حد قریب تھے اور یہ نقصان پورے خاندان کے لیے گہرے صدمے کا باعث بنا ہے۔

یاد رہے کہ سنیل ملہوترا سابق مرچنٹ نیوی کمانڈر تھے اور سدھارتھ کی بچپن اور پیشہ ورانہ زندگی میں ایک اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

سدھارتھ ملہوترا نے اپنے والد کیلئے ایک جذباتی پیغام میں لکھا کہ وہ غیر معمولی دیانت داری، اصول پسندی اور تہذیب کے مالک انسان تھے جنہوں نے ہمیشہ اپنی اقدار پر قائم رہتے ہوئے زندگی گزاری، مرچنٹ نیوی کے کیپٹن کے طور پر سمندروں کی کمان سنبھالنے سے لے کر بیماری کا بہادری سے مقابلہ کرنے تک ان کے والد نے کبھی ہمت نہیں ہاری۔

اداکار نے مزید لکھا ہے کہ فالج کے باعث وہیل چیئر تک محدود ہونے کے باوجود ان کے والد کے حوصلے بلند رہے، اپنے پیغام میں سدھارتھ کا کہنا تھا کہ ’’پاپا، آپ کی دیانت داری میری میراث ہے، آپ کی طاقت ہر روز میری رہنمائی کرتی ہے، آپ کی مثبت سوچ آج بھی اس خاندان کو جوڑے ہوئے ہے مگر جو خلا آپ چھوڑ گئے ہیں وہ ناقابلِ پیمائش ہے۔‘‘

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں