کورونا کیسز میں زبردست کمی آنے لگی، نقطہ عروج سے 61 فیصد نیچے آگئے

پاکستان

لاہور: (ویب ڈیسک) مثبت اقدامات اور لاک ڈاؤن کے نتیجے کے باعث ملک بھر میں کورونا کی شدت میں نمایاں کمی آنے لگی، کورونا کیسز نقطہ عروج سے 61 فیصد نیچےآگئے ہیں۔

یہ اعداد و شمار امریکی ماہر وبائی امراض ڈاکٹر فہیم یونس نے بتائے۔

 

امریکہ میں میری لینڈ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر فہیم یونس نے کہا ہے کہ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کی انتہا 61 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

 

پاکستان کی آبادی کے اعتبار سے اس وقت ایک لاکھ بندوں میں سے 11 افراد متاثر ہو رہے ہیں۔ انھوں نے مشورہ دیا ہے کہ پاکستان کو یہ تعداد مزید کم کر کے ایک لاکھ میں سے پانچ افراد پر لانا ہو گی اور ویکسین کی رفتار بڑھانی ہو گی۔

 

خیال رہے کہ آج بھی پاکستان میں 2517 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 73 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وبا پر پاکستان نے دوبارہ قابو پانا شروع کردیا ہے: وزیراعظم عمران خان

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں میں پاکستان میں نئے کیسز کی اوسط تعداد 1900 سےکم ریکارڈ ہوئی ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ کورونا وبا پر پاکستان نے قابو پانا شروع کردیا ہے۔

سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پوری امتِ مسلمہ کو عید مبارک۔ آج کی عید بہت مختلف ہے، جسے 2 اہم وجوہ کی بناء پر ہمیں اپنےاہلِ خانہ کےہمراہ خاموشی سے گزارنی چاہئیے۔

انہوں نے لکھا کہ کورونا وبا پاکستان میں جس کےپھیلاؤ پر ہم نےدوبارہ قابو پانا شروع کردیا ہے چنانچہ لازم ہے کہ ہم احتیاطی تدابیر (SOPs) بطورِخاص ملحوظ خاطر رکھیں۔

وزیراعظم نے لکھا کہ یہ بھی اتنا ہی اہم ہے کہ ہم ان اہلِ کشمیر و فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں جنہیں قابض قوتوں کے ہاتھوں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ اپنے بنیادی حقوق کی صریح پامالی کے ساتھ پیہم جبر و بربریت کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ آج کورونا وائرس مزید 48 افراد کی زندگیاں نگل گیا، چوبیس گھنٹے کے دوران 2 ہزار 517 نئے مریض سامنے آ گئے۔ ایکٹو کیسز کی تعداد 77 ہزار 569 تک پہنچ گئی ہے۔

کورونا کی تیسری لہر بے قابو، مہلک وائرس مزید 48 قیمتیں جانیں نگل گیا جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی اموات 19 ہزار 384 ہو گئی ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق 24 گھنٹے میں 30 ہزار 700 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2 ہزار 517 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 4 ہزار 123 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ این سی او سی کے مطابق اب تک 8 لاکھ 73 ہزار 220 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں، ملک بھر میں مثبت کیسز کا تناسب 8 اعشاریہ ایک نو فیصد رہا۔

پنجاب میں 3 لاکھ 24 ہزار 106، سندھ 2 لاکھ 96 ہزار364 اور خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 26 ہزار 403 کورونا مریض موجود ہیں، بلوچستان 23 ہزار778 جبکہ گلگت بلتستان میں 5 ہزار 414 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں