سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود آج پاکستان آئیں گے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود آج ایک روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپر جاری کردہ بیان کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پر سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان 27 جولائی بروز منگل کو پاکستان پہنچیں گے۔ دورے کے دوران پاک سعودی تعلقات، خطے، بین الاقوامی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
— Spokesperson MoFA (@ForeignOfficePk) July 26, 2021
یاد رہے کہ شہزادہ فیصل کا ایک سال میں پاکستان کا یہ دوسرا سرکاری دورہ ہو گا۔ قبل ازیں انہوں نے دسمبر 2020ء میں پاکستانی قیادت کے ساتھ بات چیت کے لیے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزیر خارجہ آئندہ ہفتے ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔وہ پاکستانی قیادت سے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ سے متعلق بات چیت کریں گے۔
سعودی سفارت خانہ کے عہدہ دار نے بتایا کہ شہزادہ فیصل کی منگل کو اسلام آباد میں آمد متوقع ہے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر روابط کا تسلسل ہے۔ اسکا آغاز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان سے ہوا تھا اوراس کے بعد پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔
ولی عہد شہزادہ محمد کے فروری 2019ء میں اسلام آباد کے دورے کے موقع پر سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں 20 ارب ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری کے معاہدے طے کیے تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے مئی میں پاکستان کے وزراء اور اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد کے ساتھ سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔اس دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور دفاعی شعبے میں تعاون کے فروغ سے متعلق متعدد سمجھوتوں پر دستخط کیے گئے تھے۔
سعودی وزیرخارجہ کے دورے کے موقع پر ان سمجھوتوں پرپیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔اس میں دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت کی جائے گی۔