لاہور: مسافر وین اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم، 5 افراد جاں بحق، وزیراعلیٰ کا نوٹس

لاہور:(دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت میں کاہنہ کے علاقہ ہلوکی کے قریب مسافر وین اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم سے 5 افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے ،حادثے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نوٹس لے لیا ہے۔

لاہور میں کاہنہ کے علاقہ ہلوکی کے قریب ٹرالی کے ساتھ تصادم کے نتیجے میں مسافر وین گندے نالے میں جا گری جس کے نتیجہ میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوئے جن کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

مسافر بس رائے ونڈ سے آ رہی تھی جس کا اینٹوں والی  ٹریکٹر ٹرالی کے ساتھ تصادم ہوگیا۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن صاعد عزیز کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچے، 2 خواتین شامل ہیں،جاں بحق ہونے والوں میں 45 سالہ نعیمہ بی بی، 35 سالہ رخسانہ ، 8 سالہ فیضان، 6 سالہ سفیان اور 12 سالہ زین شامل ہے ۔

صاعد عزیز نے کہا کہ وین میں سوار خاندان چونگی امرسدھو کا رہائشی ہے، متاثرہ خاندان رائیونڈ میں شادی کی تقریب سے واپس گھر جا رہے تھے، متوفین کی میتیں جناح ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کردی گئی ہیں اور حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہلوکی کے قریب گاڑی نالے میں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں