شاداب خان کو متحدہ عرب امارات کا گولڈن ویزہ مل گیا

لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کو متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) کا گولڈن ویزہ مل گیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری اپنے ایک پیغام میں شاداب خان نے یو اے ای کا گولڈن ویزہ ملنے کی خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔

اپنے پیغام میں شاداب خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے باہر، میں نے سب سے زیادہ وقت متحدہ عرب امارات میں گزارا ہے، یہ ہمیشہ گھر کی طرح محسوس ہوتا ہے اور گولڈن ویزا حاصل کرنے پر مجھے فخر ہے۔

شاداب خان گزشتہ دو سالوں سے پاکستانی ٹی 20 ٹیم کے نائب کپتان ہیں اور انہوں نے افغانستان کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بابر اعظم کی غیر موجودگی میں ٹیم کی قیادت بھی کی ہے تاہم آل راؤنڈر سیریز سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام رہے کیونکہ پاکستان کو 1-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ شاداب خان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز کرکٹ میں وکٹوں کی سنچری بھی مکمل کرلی ہے اور وہ مینز ٹی ٹوئنٹی میں یہ کارنامہ سر انجام دینے والے پہلے پاکستانی جبکہ مجموعی طور پر ساتویں باؤلر بن گئے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں