حضرت امام حسینؓ کی شہادت کا غم، ملک میں 9 محرم کے جلوس، عزاداروں کا ماتم

لاہور، کراچی: (دنیا نیوز) کربلا میں نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے دی گئی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس نکالے گئے، جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی منزلوں پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔

اسلام آباد

 وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس جی 6 امام بارگاہ سے برآمد ہوا، جواپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا، جلوس کے راستوں کو خار دار تاریں، ٹینٹ اور کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا تھا،اور جلوس کی سکیورٹی پر ایک ہزار 685 اہلکاروں و افسران تعینات تھے۔

 حکام کے مطابق 5 ڈی پی اوز، 14 ڈی ایس پیز، 21 انسپکٹر سکیورٹی فرائض پر مامور رہے، 117 ماتحت افسران بھی مختلف ڈیوٹی پوائنٹس پر موجود تھے۔

 کراچی

 کراچی میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشترپاک سے برآمد ہوا، شرکاء نے امام بارگاہ علی رضا کے سامنے نماز ظہرین ادا کی، جس کے بعد جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر میں اختتام پذیر ہوا۔

 پولیس کے مطابق شہر قائد میں جلوس کے ملحقہ راستے عام ٹریفک کیلئے مکمل بند کردیئے گئے، جلوس کے برآمد ہونے سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ روٹ کی سرچنگ کی گئی، اورسی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے روٹ پر نظر رکھی گئی۔

 لاہور
لاہور میں نویں محرم کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس پانڈو سٹریٹ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

 لاہور میں نکلسن روڈ پر نویں محرم الحرام کے حوالے سے امام بارگاہ عطیہ اہل بیت سے شبیہ اور زیارت کا جلوس برآمد ہوا، امام بارگاہ میں مجلس کا آغاز صبح ساڑھے 6 بجے ہوا۔

 نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پی پنجاب کے ہمراہ سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے جلوس کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔

پشاور

دوسری جانب پشاور میں بھی نویں محرم کی مناسبت سے مرکزی جلوس برآمد ہوئے، پہلا جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے برآمد ہوا، جبکہ دوسرا جلوس امام بارگاہ بی بی صاحبہ تحصیل سے نکالا گیا ہے جو  مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے واپس اپنے مقام پر اختتام پذیر ہوئے۔

ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کے روٹ پر آنے والی بلند عمارتوں اور مرکزی جلوس کے اطراف اور گزرگاہوں پر اسنائپرز بھی تعینات کئے گئے اور جلوس کے راستوں کی فضائی نگرانی کی گی۔

متعدد شہروں میں جلوس کی گزرگاہوں میں موبائل فون سروس بند ہوگی اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں